کبڈی ورلڈکپ، آج پاکستان اور دفاعی چیمپئن بھارت سمیت جرمن ٹیمیں اپنے میچ کھیلیں گی

فیصل آباد:  فیصل آباد میں سجے کبڈی ورلڈکپ میلے میں کینیڈا، ایران اور انگلینڈ نے کامیابی سمیٹ لی، آج پاکستان اور دفاعی چیمپئن بھارت سمیت جرمن ٹیمیں اپنے میچ کھیلیں گی۔

اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کبڈی ورلڈکپ کا ہلہ گلہ، پھرتی، چستی اور پوائنٹ اسکورنگ کا شاندار مظاہرہ، آج بھی تین میچ شیڈول ہیں، بھارت کا ایران سے پہلا میچ دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہو گا۔

سیرا لیون اور جرمنی کی ٹیمیں 2 بجکر 45 منٹ پر آمنے سامنے آئیں گی، تیسرا میچ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سہ پہر 4 بجے ہو گا۔ گذشتہ روز کینیڈا نے 31 کے مقابلے میں آذربئجان کو 40 پوائنٹس سے شکست دی۔

ایران نے دوسرے ہاف میں جرمنی پر برتری برقرار رکھتے ہوئے 23 کے مقابلے میں 55 پوائنٹس سے جیت اپنے نام کی، تیسرے میچ میں انگلینڈ نے سیرالیون کے خلاف اکتالیس چھبیس کی فتح سمیٹی، پکڑن پکڑائی اور زور آزمائی کا میلہ جمعہ کو ایک روز کے لیے گجرات میں سجے گا۔