ہفتے کے روز سونے کی فی تولہ قیمت 2150 روپے گرگئی

کراچی: ہفتے کے روز صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمت میں بالترتیب 2150 روپے اور 1844 روپے کی کمی ہوئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق عالمی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 42 ڈالر گر گئی جس کے بعد عالمی بازار میں فی اونس سونے کی قیمت 1585 ڈالر پر پہنچ گئی، عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کم ہونے کے بعد پاکستان کی صرافہ مارکیٹوں میں بھی ہفتے کے روز مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ اور دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 2150 روپے اور 1844 روپے کی کمی ہوگئی۔

قیمتوں میں کمی کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاہور، فیصل آباد، ملتان، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت گھٹنےکے بعد 91 ہزار 600 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت کم ہوکر78 ہزار 532 روپے ہوگئی۔