پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان واحد ون ڈے یکم اپریل کو ہوگا

لاہور: پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان واحد ایک روزہ میچ کا شیڈول تبدیل کردیا گیا ہے، نئے پروگرام کے مطابق 3 اپریل کو شیڈول میچ اب یکم اپریل کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہی منعقد ہوگا جبکہ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ حسب سابق 5 سے 9 اپریل تک شیڈول ہے۔

بی سی بی کا کہنا تھا کہ وہ اپنے کھلاڑیوں کو کراچی کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کا موقع فراہم کرنے کیلیے ٹیسٹ میچ سے قبل پریکٹس کیلیے کچھ روز مزید دینا چاہتے تھے، مہمان ٹیم اب 29 مارچ کو بنگلادیش سے کراچی پہنچے گی، آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پاکستان چھٹے اور بنگلادیش ساتویں نمبر پر براجمان ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان 12 پوائنٹس کا فرق ہے۔

ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ مہمانوں کے ساتھ تعاون کے لیے ہمہ وقت تیار رہتا ہے، لہذا پی سی بی اب زیادہ عرصے کے لیے بنگلادیش کرکٹ ٹیم کی کراچی میں میزبانی کرے گا۔

انھوں نے کہا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان میچز کے آغاز سے قبل ہی مداحوں کا جوش و خروش دیدنی ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کو امید ہے کہ اس دوران شائقین کو اعلیٰ معیار کی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی، پاکستان نے بنگلادیش سے ہوم سیریز کا پہلا ٹیسٹ راولپنڈی میں اننگز اور44 رنز سے جیتا ہے، آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان فی الحال پانچ ٹیسٹ میچز کھیلنے کے بعد140 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبرپرہے۔

کراچی ٹیسٹ میں کامیابی پاکستان کو پوائنٹس ٹیبل پر نیوز ی لینڈ اور انگلینڈ سے اوپر لے جاسکتی ہے، سردست یہ دونوں ٹیمیں بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر فائز ہیں، بھارت 360 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اورآسٹریلیا 296 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔