کرونا کے وار جاری: ملک میں وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 543 ہوگئی

 اسلام آباد / کراچی: ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 534 تک جاپہنچی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ظفر مرزا نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف حکومت سرگرم ہے، صوبوں اور مرکز کے درمیان کورونا وائرس سے متعلق معلومات کے تبادلے کی بات کی گئی ہے۔ ملک بھر میں کورونا وائرس کے 4046 مشتبہ کیسز سامنے آئے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 664 مشتبہ کیس سامنے آئے ہیں، جن میں سے 534 کیسز تصدیق شدہ ہیں۔ پنجاب میں 104 ، سندھ میں 269، خیبر پختونخوا میں 27،اسلام آباد میں 10،  آزاد کشمیر میں ایک مریض موجود ہے، دیگر مریضوں کا تعلق بلوچستان اور گلگت بلتستان سے ہے۔

20 ہزار کٹس پہنچ گئیں

چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل خان نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ کورونا وائرس سے بچاوَ کے لیے اقدامات کررہے ہیں، تفتان میں 600 کمروں کا آئسولیشن سینٹر بنا رہے ہیں، گزشتہ روز 10 اسکینرز اور 20 ہزار کٹس پاکستان پہنچ چکی ہیں،اگلے 10 سے 12 روز میں 80 ہزار ٹیسٹ کٹس مل جائیں گی جن سے 40 لاکھ ٹیسٹ کے جاسکیں گے۔ اگلے جمعرات یا جمعے سے چین سے پاکستان کی ترسیل شروع ہوجائے گی۔

’عوام صرف حکومت کی معلومات پر یقین کریں‘

وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی امور معید یوسف نے کہا کہ حکومت نے 2 ہفتے کے لئے بین الاقوامی فضائی آپریشن بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فیصلہ حکومت کے لیے مشکل تھا لیکن صورت حال دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ بین الاقوامی فضائی آپریشن معطلی کا اطلاق آج رات 8 بجے سےہو گا، پی آئی اے کی کچھ پروازیں پاکستان سے باہر ہیں ان کو واپس آنے کی اجازت ہوگی۔ وی وی آئی پی فلائٹس پابندی سے استثنیٰ ہوگا۔ 2 ہفتے بعد پاکستان آنے والے مسافروں کو کورونا ٹیسٹ کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہوگی، دوہفتے بعد ایئرپورٹس پراسکرینگ کومزید فعال بنایا جائے گا۔ گزشتہ روز اجلاس میں لاک ڈاوَن کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا،صرف حکومت کی معلومات پر یقین کریں۔

’اسلام آباد والے پیر تک گھروں میں رہیں‘

ظفر مرزا نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کے لیے ایڈوائزری جاری کردی ہے کہ عوام سے اپیل ہے معاشرتی روابط سے اجتناب کریں آج سے پیر تک جو چھٹیاں ہیں ان میں عوام گھر میں ہی رہیں۔

کوئی خطرہ قوم کو شکست نہیں دے سکتا

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ کوئی بھی خطرہ ایک ذمہ دار اور پرعزم قوم کو شکست نہیں دے سکتا اور یہ  چین نے کرکے دکھایا ہے۔

کراچی میں سیلف آئسولیشن

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے گزشتہ روز کراچی کے شہریوں سے 3 روزہ رضاکارانہ تنہائی اختیار کرنے کی اپیل کی تھی جس کے تحت شہر قائد میں سڑکوں پر عوامی آمد ورفت انتہائی کم ہے۔ سرکاری اداروں کے بعد نجی اداروں کے دفاتر بھی بند ہوگئے ہیں، سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے۔

بین الاقوامی پروازیں بند

پی آئی اے نے غیر ملکی آپریشن 22 سے 28 مارچ تک بند کردیا ہے۔

’ کورونا نہیں خوف و ہراس خطرناک‘

وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کورونا نہیں خوف و ہراس خطرناک ہے، کورونا وبا پر اپوزیشن نے ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے، اس حوالے سے اپوزیشن کی جانب سے کوئی اختلافی بیان سامنے نہیں آیا۔

امریکی سفارتکار میں بھی کورونا کا شبہ

اسلام آباد ایئرپورٹ پر دوحا سے آنے والے امریکی سفارتکار سنسیئر سیلز میں دوران اسکریننگ کورونا کی علامات پائی گئی، سفارتکار کو اسپتال منتقل کرنے کے بجائے امریکی سفارت خانے کا عملہ اپنے ساتھ لے گیا۔