لاہور میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت، ملک میں مریضوں کی تعداد 918 ہوگئی

ملک بھر میں کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 918 ہوگئی ہے جب کہ 7 مریض جاں بحق ہوچکے ہیں۔

کورونا وائرس سے متعلق حکومتی ویب سائیٹ کے اعداد و شمار کے مطابق مزید 17 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 918 ہوگئی ہے۔

سندھ میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 407، پنجاب میں 267، بلوچستان میں 110، گلگت بلتستان میں 80، خیبر پختونخوا میں 38 جب کہ اسلام آباد میں 15 اور آزاد کشمیر میں ایک ہے۔

پنجاب میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے جس کے بعد سرکاری اعداد و شمار کے تحت کورونا وائرس سے ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 7 ہوگئی ہے جب کہ 6 افراد صحت یاب ہوکر اپنے گھروں کو جاچکے ہیں۔