قومی ہیرو انعام بٹ وطن واپس پہنچ گئے، ایئرپورٹ پر شاندار استقبال

اہور: قطر میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے قومی ہیرو ریسلر انعام بٹ وطن واپس پہنچ گئے، ایئرپورٹ پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ ورلڈ بیچ گیمز کے گولڈ میڈلسٹ نے اپنی جیت کشمیریوں کے نام کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں پہلوانی کا روشن مستقبل ہے۔

لاہور ایئرپورٹ پر خوشیوں کے شادیانے، قطر میں پاکستان کا جھنڈا بلند کرنے والے قومی ریسلر انعام بٹ کا شاندار استقبال کیا گیا، پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور پتیاں نچھاور کی گئیں۔

ورلڈ بیچ گیمز 90 کلوگرام کیٹگری میں مسلسل فتوحات اور پھر سونے کا تمغہ سینے پر سجانے والے قومی ہیرو نے میڈیا سمیت تمام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جیت کو کشمیریوں کے نام کر دیا۔

صرف اتنا ہی نہیں بلکہ محمد انعام بٹ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ریسلنگ میں پاکستان کے روشن مستقبل کی بھی نوید سنا دی۔ بعد ازاں گولڈمیڈلسٹ انعام بٹ اپنے شہر گوجرانوالہ روانہ ہو گئے جہاں ان کے پرتپاک استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔