ڈالر کی قدر گرنے کے باوجود سونے کی قیمت میں اضافہ

کراچی: انٹربینک میں ڈالر کی قدر 13 پیسے گری جب کہ صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 400 کا اضافہ ہوا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق جمعرات کے روز انٹربینک میں ڈالر کی قدر 13 پیسے گر گئی اور ڈالر 156 روپے 01 پیسے سے گھٹ کر 155 روپے 88 پیسے پر بند ہوا اور 4 ماہ کی کم سطح پر آگیا۔

دوسری جانب مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمت میں بالترتیب 400 روپے اور 343 روپے کا اضافہ ہوگیا، جب کہ عالمی بلین مارکیٹ میں بھی سونے کی فی اونس قیمت میں 8 ڈالر بڑھے اور فی اونس سونا 1489 ڈالر کا ہوگیا۔
قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 87 ہزار روپے جب کہ دس گرام سونے کی قیمت اضافے کے بعد 74 ہزار588 روپے ہوگئی۔ اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1040 روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت 891 روپے 63 پیسے پر مستحکم رہی۔

متعلقہ خبریں