وزیراعظم سے ملاقات؛ علماء کی مدارس اصلاحات میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی

وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں علماء نے مدارس اصلاحات میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان اور مولانا طاہر اشرفی سمیت دیگر علماء نے ملاقات کی۔

ملاقات میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری، وزیر تعلیم شفقت محمود اور وزیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے علاوہ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی نعیم الحق بھی موجود تھے۔

فوٹو: جیو نیوز

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں کشمیر سے متعلق اہم امور پر بات چیت کی گئی، ملاقات کے دوران مدرسہ اصلاحات پر بھی بات چیت کی گئی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مدارس میں دینی تعلیم سمیت سائنسی اور ٹیکنیکل تعلیم بھی دی جائے۔

فوٹو: جیو نیوز

ذرائع کے مطابق وزیراعطم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت مدارس کے طلبہ کو برابری کی بنیاد پر مواقع دینا چاہتی ہے، حکومت چاہتی ہے کہ مدارس کے طلبہ بھی ڈاکٹر، انجینئر اور آرمی افسربنیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ اس موقع پر علماء نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ مدارس اصلاحات کے معاملے پر حکومت کے ساتھ ہرممکن تعاون کیا جائے گا۔