عمران خان این آر او دے تو ساری تحریکیں ختم ہو جائیں گی: شیخ رشید

لاہور: شیخ رشید نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی سیاست دم توڑ چکی، عمران خان این آر او دے تو ساری تحریکیں ختم ہو جائیں گی، زرداری نواز شریف سے زیادہ بیمار ہیں، وزیراعظم کو کہا تھا ان کو جانے دو اور جان چھڑاؤ، بھارت کی جانب سے حملے کا خطرہ ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آصف زرداری نے نواز شریف سے اچھی جیل کاٹی ہے، سپریم کورٹ کی ہدایات کا احترام کیا جائے گا، فضل الرحمان دونوں پارٹیوں کو بے وقوف بنا رہے ہیں، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی سیاست دم توڑ چکی، کسی کی بیماری پر سیاست نہیں کرنی چاہیئے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا وزیراعظم نے عثمان بزدار کو ہدایت کی نواز شریف کو تمام سہولیات دی جائیں، ملک کو لوٹنے والا کنجوس نواز شریف خاندان ایک روپیہ نہیں دے گا، زرداری بانٹ کر اور شریف خاندان اکیلا کھاتا ہے، آج عمران خان این آر او دے دیں تمام تحریکیں ختم ہو جائیں گی، پہلی بار فضل الرحمان یکطرفہ کھیل رہے ہیں، فیصلہ 10 نومبر سے پہلے ہو جائے گا۔