جے یو آئی ف کے مرکزی رہنما حافظ حمد اللہ کی پاکستانی شہریت منسوخ

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے مرکزی رہنما سینیٹر حافظ حمد اللہ کی پاکستانی شہریت منسوخ کردی گئی۔

نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے جے یو آئی ف کے مرکزی رہنما حافظ حمد اللہ کو غیر ملکی قرار دیتے ہوئے ان کا شناختی کارڈ منسوخ کردیا۔ یہ انکشاف پاکستان میں میڈیا کے نگراں ادارے پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے ایک نوٹی فکیشن کے ذریعے ہوا۔

پیمرا نے ایک حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ نادرا نے 11 اکتوبر کو ایک مراسلہ پیمرا کوبھجوایا جس میں حافظ حمد اللہ کو ایلین (غیر ملکی) قرار دیا گیا ہے۔

نادرا کے مراسلے کی روشنی میں پیمرا نے حافظ حمد اللہ کی ٹی وی کوریج پر پابندی لگاتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام ٹی وی چینلز حافظ حمد اللہ کو اپنے پروگرامات، ٹاک شوز اور خبروں میں مدعو نہ کریں کیونکہ وہ پاکستان کے شہری نہیں ہیں بلکہ ایلین (غیرملکی) ہیں۔