روپے کی قدر مزید نہیں گرے گی: وزیر خزانہ اسد عمر

کراچی:  وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ معیشت کی بہتری موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، پائیداراقتصادی ترقی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ افواہوں کےذریعے مارکیٹ کو متاثر کرنا نقصان دہ ہے، روپے کی قدر مزید نہیں گرے گی۔

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمرنے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ویڈیو لنک سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بڑی کمپنیز موجود ہیں تاہم وہ صرف ملک کی اندرونی ضروریات پوری کرتی ہیں، پاکستان مجموعی طور پر300 ارب ڈالر کی معیشت ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ بچتوں کے فروغ میں اپنی صلاحیت سے کم نتائج دے رہی ہے، دنیا کھربوں ڈالرکی مارکیٹ ہے جس میں مناسب سرمایہ کاری کیلئے ہمیں اپنے قوانین کو دنیا کے بہتر قوانین پر منتقل کرنا ہے، معاشی بہتری کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے جس کیلئے حکومت بھرپور کوشاں ہے۔

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ چاہتے ہیں مرحلہ وارتبدیلی متعارف کرائیں۔ انھوں نے صنعتکاروں سے کہا کہ مارکیٹ میں پیسہ لگائیں، ڈالر خرید کر اپنا پیسہ مت برباد کریں۔ افواہوں سے لوگ پریشان ہو جاتے ہیں، مارکیٹ کو نقصان اور معیشیت متزلزل ہوتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ روپے کی قدر مزید نہیں گرے گی۔

خطاب سے قبل ایس ای سی پی کےچیئر مین نے گھنٹہ بجا کر کاروبار کا آغاز کیا جبکہ تقریب میں کاروباری شخصیات اورسٹاک ڈائیریکٹرز نے شرکت کی۔