کرپشن ریاست کیلئے دیمک ہے، احتساب ہمیشہ پہلی ترجیح رہے گی: وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کرپشن کو ریاست کے لیے دیمک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ این آر او مانگنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان سے ماہر قانون دان بابر اعوان نے ملاقات کی جس میں نواز شریف کے ای سی ایل کیس سمیت آئینی، قانونی اور سیاسی امور پر مشاورت کی گئی۔

ملاقات کے جاری اعلامیے کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ قانون کی حکمرانی سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹوں گا۔

اپوزیشن کو ایک بار پھر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ این آر او مانگنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ کرپشن ریاست کے لیے دیمک ہے اور احتساب کا عمل ہمیشہ پہلی ترجیح رہے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ادارے پاکستان کو مضبوط رکھنے کے لیے ایک پیج پر ہیں، اداروں کی تعمیر نو اور مضبوطی کے بغیر کام نہیں چلے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ عوامی ریلیف کے لیے اس ماہ بڑے ایکشن سامنے آئیں گے، میڈیا قوم کی تعلیم و تربیت کا فرض ادا کرے۔

کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ اور آزادی کشمیریوں کی منزل ہے۔

وقت ثابت کرے گا کٹھن فیصلے قوم کے مفاد میں تھے: بابراعوان

بابراعوان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اصلاحاتی ایجنڈے کے تحت ادارے مضبوط ہو رہے ہیں اور وزیراعظم کی انتھک کوششوں اور اکنامک ریفارمز کے ذریعے مثبت تبدیلیاں آ رہی ہیں، اکنامک ریفارمز کے ثمرات بہت جلد غریب عوام تک پہنچیں گے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کی درستگی کے لیے بروقت اقدامات کو پذیرائی مل رہی ہے، وقت ثابت کرے گا کٹھن فیصلے قوم کے مفاد میں تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے احساس پروگرام کے تحت غریب عوام تک ریلیف پہنچے گا۔