راولپنڈی میں وزیر ریلوے شیخ رشید کی انجیو گرافی

راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی  راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (آر آئی سی) اسپتال میں انجیو گرافی کر دی گئی۔

ذرائع کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید کو دل میں تکلیف کے باعث راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کا طبی معائنہ کرنے کے بعد دو مرتبہ ای سی جی بھی کی۔

شیخ رشید کی میڈیکل رپورٹس ؤنے کے بعد راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اسپتال کے ڈاکٹرز  نے ان کی انجیوگرافی کرنے کا فیصلہ کیا۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی جنرل ریٹائرڈ اظہر کیانی نے بتایا کہ شیخ رشید احمد کی انجیوگرافی کر دی گئی ہے اور  ان کی طبیعت اب بہتر  ہے۔

میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہرکیانی نے مزید بتایا کہ شیخ رشید کی ایک نالی میں کلاٹ ہے جو دوائی سے ٹھیک ہو جائے گا، انہیں اسٹنٹ ڈالنے کی ضرورت نہیں ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ڈاکٹر نے شیخ رشید کو 4 گھنٹوں تک کسی بھی شخص سے ملاقات نہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور گیسٹرو پرابلم کے باعث شیخ رشید کو واک کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔