رمضان شوگر ملز کیس: شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد

اہور:  احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کر دی۔ ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔

احتساب عدالت کے جج آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل اور رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت کر رہے ہیں۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز احتساب عدالت میں پیش ہوئے، پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر کارکنوں کو سول سیکرٹریٹ تک محدود رکھا گیا۔

ادھر قومی احتساب بیورو (نیب) نے آمدن سے زائد اثاثے اور منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کو طلبی کا نوٹس جاری کیا ہے۔ نیب نے شہباز شریف کو 3 دسمبر 2018ء کو بھجوائے گئے سوالنامے کے جوابات بھی لانے کا حکم دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق شہباز شریف سے نصرت شہباز کے اکاؤنٹ میں منتقل ہونے والی رقم سے متعلق بھی پوچھ گچھ ہو گی۔ نصرت شہباز کے اکاؤنٹ میں منتقل ہونیوالے 11 کروڑ 22 لاکھ 91 ہزار 307 روپے کے ذرائع بھی پوچھے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے نیب کو حمزہ شہباز کی گرفتاری سے 17 اپریل تک روک دیا۔ عدالت نے ایک کروڑ روپے مچلکوں کے عوض حمزہ شہباز کی قبل از گرفتاری درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو نوٹسز جاری کیا ہے۔