نوازشریف کا جیل سے نکلتے ہی انجائنا کا درد بھی ختم ہوگیا، فواد چوہدری

اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بڑے میاں صاحب کا لگتا ہے جیل سے نکلتے ہی انجائنا کا درد بھی ختم ہوگیا ہے۔

میڈیا کو جاری بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ شریف خاندان کے افراد جیل جاتے ہی بیمار اور باہر آتے ہی لندن روانہ ہو جاتے ہیں،عام قیدی سوچتے ہیں کہ اگر وہ بھی اپوزیشن لیڈر ہوتے تو جیل میں نہ ہوتےکیونکہ عام قیدی کو ایک سے دوسری بیرک جانے کی اجازت نہیں اور یہ لندن کی سیریں کر رہے ہیں اب قوم اور قانون اپوزیشن لیڈر کی واپسی کا انتظار کر رہے ہیں ہماری دعا ہے کہ وہ لندن میں بیمار نہ ہوں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ بڑے میاں صاحب کا لگتا ہے جیل سے نکلتے ہی انجائنا کا درد بھی ختم ہوگیا ہے، دراصل یہ اقتدار سے محرومی کا انجانہ درد ہے، جب کرپشن کے نشے کے عادی مریض اقتدار سے باہر ہو تو ان کا بدن ٹوٹنے لگتا ہے۔