نواز شریف کی شہباز شریف سے اہم بیٹھک، اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کا فیصلہ

لندن:  مسلم لیگ ن نے بگڑتی معاشی صورتحال پر تمام اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ رابطوں کا فیصلہ کرلیا، لیگی وفد جلد پیپلز پارٹی اور مولانا فضل الرحمان سے ملاقاتیں کرے گا۔ نوازشریف نے شہباز شریف کو مہنگائی کیخلاف آواز اٹھانے کی ہدایت کر دی۔

صدر ن لیگ شہباز شریف نے نواز شریف سے ملاقات کی اور ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا، ملکی سیاسی صورتحال اور بڑھتی ہوئی مہنگائی پر بھی بات چیت ہوئی، اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ رابطوں کیلئے ن لیگ کی کمیٹیاں بنانے پر اتفاق کیا۔

ن لیگ نے معاشی صورتحال پر تمام اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کا فیصلہ بھی کرلیا۔ نواز شریف نے مہنگائی سے پریشان عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کی ہدایت کر دی۔ صدر ن لیگ شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں سے رابطے کر کے انہیں اہم ٹاسک سونپ دیئے۔

شہباز شریف نے اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں میں تیزی لانے کی ہدایت کی ہے، لیگی وفد جلد پیپلز پارٹی اور مولانا فضل الرحمان سے ملاقاتیں کرے گا۔ شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ملک میں مہنگائی دیکھ کر افسوس ہوتا ہے، چینی چوروں نے ملک کا بیڑا غرق کر دیا، ایسے حالات پہلے کبھی نہیں ہوئے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا نواز شریف نے پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر غریب عوام کیلئے آواز اٹھانے کا کہا، نواز شریف کی طبیعت خراب ہے ان کی اینجو گرافی کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، عدالت نے اجازت دی تو مریم نواز آپریشن کے وقت نواز شریف کے ساتھ ہوگی۔