سونا ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 96300 روپے پر پہنچ گیا

لاہور:  ملک بھر میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران فی تولہ سونا اور دس گرام کی سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 2000 اور 1715 روپے کا اضافہ دیکھا گیا۔

تفصیلات کے مطابق عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں 40 امریکی ڈالرز کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد سونے کی نئی قیمت 1684 امریکی ڈالر ہو گئی ہے۔

دوسری طرف بین الاقوامی سطح سونے کی قیمتیں بڑھنے کے اثرات ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی آ رہے ہیں، فی تولہ سونے کی قیمت میں 2000 روپے کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، فیصل آباد، راولپنڈی، ملتان، سکھر، حیدر آباد سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت 96300 روپے ہو گئی ہے جو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

اُدھر فی تولہ سونے کی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں بھی 1715 روپے کا بڑا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد دس گرام سونے کی قیمت صرافہ مارکیٹوں میں 82562 روپے ہو گئی ہے۔

دریں اثناء چاندی کی قیمتوں میں استحکام دیکھا گیا جس کے بعد دس گرام چاندی کی قیمت 908.77 روپے کی سطح پر برقرار رہی۔