اسد عمر کے بعد غلام سرور کا بھی متبادل وزارت لینے سے انکار

اسلام آباد: سابق وزیر خزانہ اسد عمر کے بعد غلام سرور خان نے بھی متبادل وزارت لینے سے انکار کردیا۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کابینہ میں رد و بدل کے بعد ناقص کارکردگی پر غلام سرور خان سے پیٹرولیم کی وزارت لے کر انہیں ایوی ایشن کی وزارت دی گئی ہے جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ غلام سرور خان نے وزارت پیٹرولیم کی جگہ متبادل وزارت لینے سے انکار کردیا ہے اور وزیر ایوی ایشن کی حیثیت سے اپنی وزارت کا چارج لینے سے بھی انکار کردیا۔

ذرائع کےمطابق غلام سرور خان وزارت کی تبدیلی کے معاملے پر ناراض ہیں۔

واضح رہےکہ وزیراعظم عمران خان نے سابق وزیر خزانہ اسد عمر کو وزیر پیٹرولیم بنانے کی خواہش ظاہر کی تھی تاہم انہوں نے بھی متبادل وزارت لینے سے انکار کرتے ہوئے کابینہ سے علیحدگی اختیار کرلی۔