پنجاب، خیبر پختوا کے وزراءاعلیٰ تبدیل نہیں کیے جارہے، شیخ رشید

اسلام آباد : وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے واضح کیا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے وزراء اعلیٰ کو تبدیل نہیں کیا جا رہا، انہوں نے کہا کہ سب کان کھول کر سن لیں کہ یہ وزیر اعظم کا فیصلہ ہے۔

بنی گالا میں وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس ختم ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ وزیر اعظم نے معیشت کے مسائل حل کرنے کیلئے اہم فیصلے کیے ہیں۔

میری کوشش ہوگی کہ میں چین جانے سے پہلے وزیر اعظم کے ساتھ یا بعد میں خود اسد عمر کے پاس جائوں اور ان سے کہوں کہ آپ کابینہ کا حصہ رہیں۔

وفاقی وزیر نے یہ بھی واضح کیا کہ صرف ایک وزیر کو دوائیوں کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے کابینہ سے نکالا گیا ہے، باقی کسی وزیر کو نہیں نکالا گیا، اسد عمر نے خود استعفیٰ دیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ آج نہیں تو کل، کل نہیں تو پرسوں اسد عمر کسی نہ کسی شعبے میں کسی نہ کسی طریقے سے واپس ضرور آئیں گے۔