کورونا عالمی وبا، حفاظتی تدابیر اپنا کر خاندان محفوظ بنائیں ، حمیرا ارشد

 لاہور:  معروف گلوکارہ حمیراارشد نے کہا ہے کہ کورونا وائرس ایک ایسی وباء بن چکی ہے، جس نے چائنہ اورایران نہیں بلکہ دنیا کے قریباً200 ممالک کواپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، ایسے میں احتیاط ہی سب سے اہم ہے کیونکہ یہ مرض ایک دوسرے کے قریب آنے سے منتقل ہوتا ہے اس لیے حکومت اور محکمہ صحت کی جانب سے دی گئی احتیاطی تدابیر کو اپنا کراپنی اوراپنے پیاروں کی زندگی کومحفوظ بنائیں۔

ان خیالات کااظہارانھوں نے نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ حمیراارشد نے کہا کہ رواں ماہ پاکستان اوردنیا کے بیشترممالک میں 23 مارچ کے حوالے سے میوزک پروگراموں کا انعقاد کیا جاتا تھا اوراس میں پرفارم کرنے کیلیے مجھ سمیت بہت سے فنکارامریکا، یورپ، مڈل ایسٹ، آسٹریلیا، کینیڈا اوردیگرممالک میں جایا کرتے تھے لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے تمام تقریبات منسوخ ہوچکی ہیں، یہی نہیں فلموں کی ریلیز، فیشن شو سمیت دیگرتقریبات کو ملتوی کرنے میں ہی سب کا بھلا تھا۔ جس سے اندازہ لگایاجاسکتا ہے کورونا وائرس کس قدر خطرناک ہے۔