کورونا وائرس کے وار مزید تیز، ملک بھر میں مریضوں کی تعداد 1865 ہوگئی

اسلام آباد: کورونا وائرس کے وار مزید تیز ہوگئے، ملک بھر میں مزید 148 مریضوں کے بعد مجموعی تعداد 1865 ہوگئی۔ کورونا وائرس کے باعث پاکستان میں مزید 4 افراد جاں بحق ہوگئے اور پہلے سے جاں بحق ایک مریض کی رپورٹ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 25 ہوگئی۔

 اب تک پنجاب میں 652، سندھ 627، خیبر پختونخوا میں 221 کیس سامنے آچکے ہیں، بلوچستان میں 153، گلگت بلتستان میں 148، اسلام آباد میں 58 اور آزاد کشمیر میں 6 افراد وائرس کا شکار ہوئے، ملک بھر میں 58 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

پنجاب حکومت کی ترجمان کے مطابق پنجاب میں گزشتہ روز مہلک وائرس سے متاثرہ 3 افراد انتقال کرگئے۔ ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق مریضوں کی عمریں 70، 55 اور 42 سال تھیں، ان میں سے 2 مریضوں کی ٹریول ہسٹری بھی موجود تھی۔ ان میں سے ایک 41 سالہ مریض لاہور میو ہسپتال میں چل بسا اور 2 مریض راولپنڈی میں دم توڑ گئے۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی انوار الحق نے بتایا کہ جہلم کے علاقے دینہ کا رہائشی پاکستانی نژاد برطانوی شہری عبد العزیز بیس دن پہلے برطانیہ سے پاکستان آیا تھا جبکہ ایک 55 سالہ خاتون کوثر پروین ٹیکسلا واہ کینٹ میں زیر علاج تھی، گزشتہ روز دونوں دم توڑ گئے۔ پنجاب میں ہلاکتوں کی تعداد 9 تک جاپہنچی ہے جن میں سے لاہور میں 4، راولپنڈی میں 3، فیصل آباد اور رحیم یار خان میں ایک ایک ہلاکت ہوئی۔