وزیراعظم کا ہفتے سے لاک ڈاؤن کھولنے کا اعلان

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ملک میں کورونا وائرس کے باعث نافذ لاک ڈاؤن ہفتہ 9 مئی سے مرحلہ وار کھولنے کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں صوبوں کے وزرائے اعلی بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں لاک ڈاؤن میں نرمی کرنے سے متعلق سوچ بچار کی گئی جبکہ کاروبار کھولنے کے لیے (ضوابط) ایس او پیز پر بھی غور کیا گیا۔

حکومت نے فی الحال ٹرین اوربس سروس نہ کھولنے کا فیصلہ کیا جب کہ مقامی فلائٹ آپریشن بھی بند رہے گا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرنے اس حوالے سے اپنی سفارشات بھی پیش کیں۔

اجلاس کے  بعد وزیراعظم نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے ہفتے سے لاک ڈاؤن کھولنے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستان میں کورونا سے ہلاکتیں بڑھ رہی ہیں لیکن لوگ بہت مشکل میں ہیں، غریب اور دیہاڑی دار طبقہ شدید پریشانی کا شکار ہے، ہمارا ٹیکس 35فیصد کم ہوچکاہے اور برآمدات کم ہوگئیں۔