ماحول اور فطرت پر نظر رکھنے والا ’سلاتھ روبوٹ‘

جارجیا: گھنے جنگلات میں انتہائی سستی سے حرکت کرنے والا ایک جاندار سلاتھ بھی ہے۔ اب اس سے متاثر ہوکر سائنسدانوں نے ایک سلاتھ روبوٹ بنایا ہے جو عین اسی جانور کی طرح الٹا لٹک کر دھیرے دھیرے حرکت کرتے ہوئے فطرت، ماحول اور جنگلی حیات کا احوال لیتا رہتا ہے۔

سلاتھ نما روبوٹ کی لمبائی تین فٹ ہے اور اس کا غالب حصہ تھری ڈی پرنٹر سے چھاپا گیا ہے۔ اس میں کئی اقسام کے سینسر اور موٹریں لگائی گئی ہیں۔ جارجیاانسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے سائنسدانوں نے اسے ایک نباتاتی (بوٹانیکل) باغ کے لیے بنایا ہے۔

اپنے نام کی طرح یہ بہت سست رفتار سے آگے بڑھتا ہے اور بیٹری کفایت سے خرچ کرتا ہے۔ روبوٹ جنگل کے تحفظ، ماحول کی بقا، جانوروں اور پرندوں پر نظر رکھنے کے لیے بطورِ خاص ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس پر خاص قسم کے سولر پینل لگائے گئے ہیں جو سورج کی روشنی سے پورے برقی نظام کو چلاتے ہیں۔