
اسٹیٹ بینک نے شرح سود مزید کم کردی، 7 فیصد مقرر
کراچی: اسٹیٹ بینک نے شرح سود مزید کم کرتے ہوئے 7 فیصد مقرر کردی ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق مانیٹری پالیسی اجلاس میں مہنگائی کے منظر نامے اور معاشی سست رفتاری کو مدنظر رکھتے ہوئے شرح سود میں کمی کا فیصلہ کیا گیا، مارچ کے وسط سے اب تک شرح سود میں 625 بیسس پوائنٹس کی کمی آچکی ہے جب کہ شرح سود میں کمی کے فوائد گھرانوں اور کاروباری اداروں کو بروقت منتقل کیے جاسکیں گے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق کووڈ 19 کی عالمی وبا پاکستان سمیت بہت سی ابھرتی ہوئی منڈیوں میں پھیلتی جارہی ہے جب کہ کئی ممالک میں دوسری لہر آنے کے خطرات ہیں، ملک میں معاشی سست رفتاری برقرار ہے اور نمو میں کمی کے خطرات بڑھ گئے ہیں، جولائی 2020ء تک تقریباً 3.3 ٹریلین روپے کے قرضوں کے نرخ ازسرنو متعین کیے جانے ہیں جب کہ ملک کے اندر مضمر مہنگائی میں اعتدال آنے کا سلسلہ جاری ہے۔