کورونا وبا سے مزید 148 افراد جاں بحق

 اسلام آباد: پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 148 مریض جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اس وائرس سے لقمہ اجل بننے والوں کی تعداد 3 ہزار 903 ہوگئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 21 ہزار 835 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر 11 لاکھ 71 ہزار 976 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ 24 گھنٹوں میں ملک بھر سے کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 44 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 92 ہزار 970 ہو گئی ہے جن میں سے 81 ہزار 307 مریض صحت یاب ہوگئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں کورونا مریضوں کی تعداد 74 ہزار70 ، پنجاب میں 71 ہزار 191، خیبر پختونخوا میں 23 ہزار 887، بلوچستان میں 9 ہزار 817، اسلام آباد میں 11 ہزار 710، آزادکشمیر میں 930 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 365 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں ایک ہزار 602 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں ایک ہزار 161، خیبر پختونخوا میں 869، اسلام آباد میں 115، گلگت بلتستان میں 23، بلوچستان میں 108 اور آزاد کشمیر میں 25 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔