فالج کے مریضوں کے لیے مددگار روبوٹک لباس

ٹیکساس: پاکستان سمیت دنیا بھر میں فالج اور لقوے کے مریض بہت تیزی سے اپنے اعضا کی حرکات کھودیتے ہیں۔ ان میں ہاتھوں کی حرکات اور گرفت بھی شامل ہے لیکن بحالی اور فزیوتھراپی کے بعد بھی اوپر کے دھڑ کے افعال بحال نہیں ہوتے۔

فزیوتھراپی کےماہر اور دیگر عملہ مریض کے بازو اور ہاتھوں کی حرکات کی بحالی میں مدد کرتا ہے اور یہ عمل اس لیے کیا جاتا ہے کہ دماغ کھوئے ہوئے افعال کو ’دوبارہ یاد‘ کرسکے اور مریض پہلے جیسا نارمل ہوسکے۔ لیکن یہ عمل بہت صبر اور وقت طلب ہوتا ہے ۔ اس میں خود مریض کو بھی بھرپور کوشش درکار ہوتی ہے۔

تاہم اب ہارمنی ایس ایچ آر روبوٹک لباس اس کیفیت میں بہت مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ یہ پورا روبوٹک نظام ٹیکساس کے شہر آسٹن میں واقع ایک فرم، ہارمنی بایونکس نے تیار کیا ہے۔ بیرونی روبوٹک ڈھانچے یا ایکسو اسکیلیٹن کو اس وقت استعمال کیا جاتا ہے جب مریض بیٹھا ہوا ہو۔ اس کیفیت میں بازو کے اوپر اور نچلے حصے پر اسے نرمی سے چسپاں کیا جاتا ہے جہاں پورا نظام بازو کے وزن کو سنبھالتا ہے۔ اگلے مرحلے میں پہلے سے ہی ہدایات یا پروگرام کے ذریعے ہی روبوٹ کے بازو حرکت کرتے ہیں اور مریض کے اعصابی نظام کو فراموش کردہ حرکات یاد دلانے کی کوشش کرتے ہیں۔ ساتھ ہی بازو مریض کو ورزش بھی کراتے رہتے ہیں۔