سپریم کورٹ نے حکومت کو شوگر ملز کیخلاف کارروائی کی اجازت دے دی

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے حکومت کو شوگر ملز کے خلاف کارروائی کی اجازت دے دی۔ عدالت نے سندھ ہائی کورٹ کا حکم امتناع خارج کرتے ہوئے کہا حکومت اور ادارے قانون کے مطابق کارروائی کریں۔

وکیل شوگر ملز نے عدالت کو بتایا کہ وزرا بیان بازی کر کے میڈیا ٹرائل کرتے ہیں۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا بیان بازی سیاسی معاملہ ہے، زیادہ مداخلت نہیں کر سکتے۔ اٹارنی جنرل نے کہا یہ پہلا کمیشن ہے جس میں 2 وزرائے اعلیٰ پیش ہوئے، وزیراعظم کے قریب ترین ساتھی کو بھی کمیشن میں پیش ہونا پڑا۔ عدالت نے کہا شفاف کام ہونا چاہیئے تا کہ ملزمان کیفر کردار تک پہنچ سکیں۔

سپریم کورٹ نے شوگر کمیشن رپورٹ پر حکومتی عہدیداران کو بیان بازی سے روکتے ہوئے مقدمے کی سماعت تین ہفتوں کے لئے ملتوی کر دی۔