ملک بھر میں عید الاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی

ملک بھر میں آج عید الاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔

ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں عید الاضحیٰ کی نماز کے اجتماعات منعقد ہوں گے جس میں علمائے کرام فلسفہ قربانی کی اہمیت کو اجاگر کریں گے۔

نماز عید کی ادائیگی کے بعد امت مسلمہ کی یکجہتی، وطن کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور کورونا وباء کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔اس کے علاوہ مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی اور مسلم ممالک میں جاری فتنہ و فساد کے خاتمے کے لئے بھی اللہ رب العزت کی بارگاہ میں دعا کی جائے گی۔

نماز عیدالاضحیٰ کی ادائیگی کے بعد سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے الله کی راہ میں جانوروں کی قربانی کی جائے گی۔

عید الاضحٰی کے موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جس کے تحت مساجد اور عید گاہوں کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہوگی۔