ایکنک نے ریلوے کے 6.8 ارب ڈالر مالیت کے منصوبے کی منظوری دے دی

 اسلام آباد: قومی اقتصادی کونسل (ایکنک) نے پاکستان میں ریلوے کی تاریخ کے 6.8 ارب ڈالر لاگت کے سب سے بڑے منصوبے ایم ایل ون کی منظوری دے دی، ایکنک نے 11 ارب 7 کروڑ لاگت کے پاکستان سنگل ونڈو منصوبے کی بھی منظوری دے دی۔

وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق ایکنک کا اجلاس وزیر اعظم کے مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایکنک نے پاکستان ریلوے کی تاریخ کے سب سے بڑے منصوبے ایم ایل ون کی منظوری دے دی۔ اس منصوبے پر 6 ارب 80 کروڑ ڈالر لاگت آئے گی اور منصوبہ پانچ سال میں مکمل ہوگا۔ ایم ایل ون منصوبہ سی پیک کا حصہ ہے جس کا افتتاح رواں سال ہی ہوگا۔

اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ ایم ایل ون منصوبے کے تحت ریلوے کا 1872 کلومیٹر ٹریک اپ گریڈ کیا جائے۔ ریلوے کے ٹریک کو جلد از جلد اپ گریڈ کرنے کا کام تین مرحلوں میں کیا جائے گا جس کے بعد مسافر ٹرینوں کی رفتار 65 اور 110 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بڑھ کر 160 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوجائے گی اسی طرح مسافر ٹرینوں کی تعداد 34 ٹرینوں سے بڑھ کر 137 اور پھر 171 ہوجائے گی۔

اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ ریلوے کی مال بردار گاڑیاں 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی اور منصوبے پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے لیے پراجیکٹ اسٹئیرنگ کمیٹی بنائی جائے گی۔