کراچی میں شدید گرمی اور حبس؛ آج سے بارشوں کے نئے سلسلے کا امکان

 کراچی: شہر قائد سمیت سندھ کے دیگر علاقے مون سون کے چوتھے سسٹم کے زیر اثر ہیں اور صوبے میں آج سے موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔

کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقے بھارتی ریاست گجرات میں موجود مون سون بارشوں کے سسٹم کے زیر اثر آگئے ہیں۔ ساحلی علاقوں میں سمندری ہوائیں بند ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کی وجہ سے گرمی کی شدت درجہ حرارت سے کئی ڈگری زائد محسوس کی جارہی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بھارتی ریاست گجرات میں بارشوں کا سبب بننے والا مون سون ہواؤں کا کم دباؤ آج شام کو سندھ میں داخل ہوگا۔ سندھ میں کراچی اور حیدر آباد سمیت، ٹھٹہ، تھرپارکر، عمرکوٹ، جامشورو، ٹنڈوالہ یار، ٹنڈومحمد خان، بدین اور سانگھڑ میں بارش ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ کراچی سے ملحقہ بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں بھی بارشیں ہوں گی۔

مون سون بارشوں کے نئے سسٹم کے باعث کراچی اور حیدر آباد میں آئندہ 2 روز کے دوران 100 ملی میٹر تک بارش ہوسکتی ہے۔ جس کے باعث اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

کراچی میں گزشتہ ہفتے ہونے والی بارشوں کے باعث نالوں کا گندا پانی گھروں میں داخل ہونے کے بعد ان نالوں کی صفائی کا کام تیزی سے جاری ہے، اس کام میں بلدیاتی اداروں کے علاوہ این ڈی ایم اے اور ایف ڈبلیو او بھی بھر پور طریقے سے کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ دوسری جانب محکمہ صحت سندھ نےاسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے میڈیکل اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں۔