پاکستان معاشی اصلاحات پر سیاسی مفاہمت کے بغیر شرح نمو میں دیر پا اضافہ نہیں کر سکتا، عالمی بینک

 اسلام آباد:  عالمی بینک کے سبکدوش ہونے والے پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر الانگو پتھامتھو نے کہا ہے کہ معاشی اصلاحات پر سیاسی مفاہمت کے بغیر پاکستان شرح نمو میں دیرپا اضافہ نہیں کر سکتا۔

پاکستان میں پانچ سال تک کام کرنے والے الانگو پتھامتھو نے ایکسپریس ٹریبیون کو انٹرویو دیتے ہوئے آئی پی پیز کو مشورہ دیا کہ وہ گردشی قرضوں میں کمی کیلیے اقدامات کریں کیوں کہ توانائی کے شعبے کو مالی طور پر قابل عمل بنانے کیلیے گردشی قرضوں میں کمی نہایت ضروری ہے، تحریک انصاف کی دو سالہ حکومت کے دوران بجلی کے نرخوں میں چار بار اضافوں سے گردشی قرضے دو گنا ہو کر 2.2 ٹریلین روپے تک جا پہنچے ہیں، دیگر عالمی ماہرین اور سفارتکاروں کے برعکس الانگو پاکستان کے حکومتی حلقوں میں زیادہ رسائی رکھتے ہیں۔