بلاول لوگوں کے ذہنوں میں شکوک و شبہات پیدا نہ کریں، چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان

گلگلت بلتستان: چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجا شہباز کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو لوگوں کے ذہنوں میں شکوک و شبہات پیدا نہ کریں۔

پریس کانفرنس میں چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجا شہباز کا کہنا تھا کہ سیاستدان من گھڑت اور بے بنیاد الزامات لگانے سے گریز کریں، جی بی کے عوام میں غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لہذا قوانین سے ہٹ کر کوئی چیز ہوئی ہے تو ثبوت دیں، الزامات لگانے والوں کی بھرپور مذمت کرتا ہوں۔

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان نے کہا کہ گورنر کے ساتھ سوشل میڈیا پر وائرل تصویر اگست 2019 کی ہے، بلاول بھٹو کو چھوٹی باتیں زیب نہیں دیتیں، بلاول بھٹو لوگوں کے ذہنوں میں شکوک و شبہات پیدا نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ڈی سی کے دفتر قانون کا دروازہ کھٹکانے نہیں توڑنے گئی تھی، اگر وہ میرے پاس آتے تو میں اپنے سامنے ری کاؤنٹنگ کراتا۔
چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان نے کہا کہ جی بی کے حلقہ نمبر 2 میں دوبارہ گنتی ہوئی، ری کاؤنٹنگ میں ایک ایک وٹ کی کاؤٹنگ امجد اور فتح کے سامنے ہوئی، امجد حسین نے اپنے حلقے میں 11 ہزار سے زیادہ ووٹ حاصل کیے، امجد حسین بتائیں کیا انہوں نے 11 ہزار سے زائد ووٹ دھاندلی سے لئے ہیں، رزلٹ تبدیل کرنے کی باتیں بے بنیاد ہیں۔

راجہ شہباز نے کہا کہ جسٹس علی بیگ کی سربراہی میں الیکشن ٹریبونل قائم کردیا ہے جو کل سے کام شروع کرے گا، جس کو شکایت یا کوئی مسئلہ ہے وہ الیکشن ٹربیونل سے رجوع کرے، الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کے بعد ری پولنگ اور ری کاؤنٹنگ ہوگی۔