اب موبائل فون کی روشنی کو لیمپ بنائیں

نیویارک: لومپلی ایک دلچسپ اور سادہ ایجاد ہے جو ہر اسمارٹ فون کی روشنی کو ایک منورمینار میں تبدیل کرسکتی ہے۔ یعنی موبائل فون کو میز پر رکھے لیمپ کی صورت دے سکتی ہے۔

بسا اوقات ہم چاہتے ہیں کہ موبائل فون کی روشنی میں کوئی کام کرسکیں یا کتاب پڑھ سکیں لیکن اس کے لیے فون اٹھا کر اس کے بلب کا رخ کتاب کی جانب کرنا پڑتا ہے۔ لومپلی ایک طرح سے موبائل فون کی لائٹ ہے۔ یہ مضبوط مٹیریئل سے بنا ایک چوڑی دار مرغولہ ہے جو سکڑ اور پھیل سکتا ہے۔

اسے بند کرنے کے بعد یہ سکڑ سمٹ کر ایک کپڑے کی تھیلی میں بند ہوجاتا ہے اور اسے سنبھال کر رکھا جاسکتا ہے۔ کھلنے کے بعد یہ 10 گنا تک بڑھا ہوجاتا ہے۔ اس کے ساتھ ایک چھوٹا گول مقناطیس دستیاب ہے جو کسی بھی اسمارٹ فون کی پشت سے چپک جاتا ہے اور گرتا نہیں۔ اب اس کے اوپر آپ لومپلی کو لگا سکتے ہیں تاکہ وہ روشنی کے نفوذ (ڈفیوژن) کو ممکن بناکر پورے لیمپ کو روشن کرتا ہے اور اسمارٹ فون کی روشنی بڑھ جاتی ہے۔