پشاور میں پولیو ویکسین سے بچوں کی طبیعت خرابی کا ڈرامہ کرانے والا ملزم گرفتار

پشاور کے علاقے ماشو خیل میں پولیو مہم کے خلاف سازش کا پردہ چاک ہوگیا اور پولیس نے بچوں سے بے ہوشی کا ڈرامہ کرانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ 

گزشتہ روز پشاور کے علاقے ماشوخیل نے مرکز صحت پر حملہ کرتے ہوئے وہاں جلاؤ گھیراؤ کیا، جس کے بارے میں ابتدائی طور پر بتایا گیا کہ 100 سے زائد بچوں کی پولیو ویکسین کے بعد حالت خراب ہوگئی۔

مشتعل افراد نے مرکز صحت پر حملہ کیا اور دروازے کھڑکیاں توڑتے ہوئے انہیں نذر آتش بھی کیا۔

ترجمان حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کا کہنا ہےکہ بچوں کی حالت تشویشناک نہیں، بچوں کو قے اور سر چکرانے کی شکایت تھی۔

دوسری جانب موشوخیل اسپتال میں جلاؤ گھیراؤ کا مقدمہ درج کرتے ہوئے بچوں کو بے ہوشی کا ڈرامہ کرنے کا کہنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا جب کہ نامزد دیگر 12 ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔