سیریز کے اچانک ملتوی ہونے پر انتہائی مایوسی ہوئی،بابراعظم

راولپنڈی ( نیوز ڈیسک)پاکستان کے دورے پر آئی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے بورڈ نے اچانک سکیورٹی خدشات کا بہانہ بنا کر سیریز منسوخ کرنے اور وطن واپس جانے کا اعلان کردیا جس پر قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ اپنے ٹویٹ میں بابراعظم نے لکھا کہ ’’ سیریز کے اچانک ملتوی ہونے پر انتہائی مایوسی ہوئی جو پاکستان کرکٹ کے لاکھوں شائقین کے لیے مسکراہٹیں واپس لا سکتی تھی ،مجھے اپنی سکیورٹی ایجنسیوں کی صلاحیتوں اور ساکھ پر پورا بھروسہ ہے۔وہ ہمارا فخر ہیں اور ہمیشہ رہیں گے ! پاکستان زندہ باد‘‘۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آج راولپنڈی سٹیڈیم میں دوپہر ڈھائی بجے شروع ہونا تھا اور پاکستان 18 سال بعد اپنی سرزمین پر نیوزی لینڈ ٹیم کی میزبانی کے لیے تیار تھا تاہم اچانک مہمان ٹیم کی کرکٹ بورڈ نے دورہ ختم کرکے ٹیم کو واپس بلانے کا اعلان کردیا۔اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے بتایا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم اور آفیشلز کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی گئی تھی جس پر انھوں نے اطمینان کا اظہار بھی کیا تھا تاہم اچانک نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ منسوخ کردیا۔ پی سی بی کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے صبح بتایا کہ انھیں سیکیورٹی خدشات کے حوالے سے الرٹ موصول ہوئے ہیں جس کے باعث دورہ پاکستان منسوخ کرنا ہوگا اور ٹیم کو واپس وطن بھیج دیا جائے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم دورے کو شیڈول کے مطابق جاری رکھنا چاہتے ہیں اور تمام انتظامات بھی مکمل ہیں لیکن آخری لمحے میں نیوزی لینڈ کے فیصلے سے کرکٹ کے شائقین کو مایوسی ہوئی ہے۔

متعلقہ خبریں