مرغی کے گوشت میں اینٹی بائیوٹک انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر صحت

لاہور:  ماہرین کا خیال ہے کہ مرغی کے گوشت میں اینٹی بائیوٹک کا استعمال انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر ثابت ہو سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق مرغی کی صنعت میں اینٹی بائیو ٹک کے استعمال نے انسانوں کے لیے صحت کے شدید خطرات پیدا کر دیئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق جتنا زیادہ اینٹی بائیوٹک کا استعمال مرغی میں کیا جائے گا اتنی ہی بیکٹریا میں مزاحمت پیدا ہو گی۔

ماحول دوست کی تنظیم جرمن واچ نے سپر مارکیٹوں میں مرغی کے سستے گوشت میں اینٹی بائیوٹک کے خلاف مزاحمت پیدا کرنے والے بیکٹریا کی موجودگی پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ تنظیم کے مطابق مارکیٹوں میں نصف سے زائد دستیاب گوشت مضر صحت ہے۔

جرمن واچ کے مطابق مرغی کے گوشت کے مختلف 69 نمونے رعایتی مارکیٹوں سے حاصل کرنے کے بعد یونیورسٹی کی لیبارٹری سے تجزیہ کرایا گیا۔ ان نمونوں میں سے 56 فیصد میں ایسے جراثیم کی موجودگی پائی گئی، جو اینٹی بائیوٹک کیخلاف مزاحمت رکھتے ہیں۔ یہ مرغی کا گوشت جرمنی کے اندر واقع چار سب سے بڑے مذبح خانوں (سلاٹر ہاؤسز) نے فراہم کیا تھا۔

جرمن واچ کے مطابق لیڈل، نیٹو، ریال، آلڈی اور پینی سے حاصل کیے گئے مرغی کے گوشت کے ایک تہائی نمونوں میں اینٹی بائیوٹک مزاحمت رکھنے والے بیکٹریا کی موجودگی پائی گئی۔ ریزرور اینٹی بائیوٹک کو پہلے سے مستعمل اینٹی بائیوٹک کی چوتھی اور پانچویں نسل قرار دیا جاتا ہے اور یہ سُپر بگ بیکٹیریا کے خلاف عمل کرنے کی آخری دوا ہوتی ہے۔

جرمنی کی وزارت زراعت نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پولٹری انڈسٹری میں اینٹی بائیوٹک کا کثرت سے استعمال کیا جاتا ہے۔ ایسا بھی دیکھا گیا ہے کہ انسانوں میں بیکٹریا کو ختم کرنے کی اینٹی بائیوٹک ادویات کے اثرات میں کمی واقع ہوئی ہے۔

ماہرین حیاتیات کے خیال میں جتنا زیادہ اینٹی بائیوٹک کا استعمال مرغی میں کیا جائے گا، اتنی ہی بیکٹریا میں مزاحمت پیدا ہو گی اور انجام کار انسانی صحت کے لیے خطرے کا سبب بنے گی۔

ماہرین کا خیال ہے کہ مرغی کے گوشت کو اچھی طرح پکانے سے اُس میں موجود بیکٹیریا ہلاک ہو جاتا ہے لیکن کم پکے ہوئے گوشت میں موجود بیکٹریا سے کوئی بھی انسان شدید بیمار ہو سکتا ہے یا پھر یہ بیماری شدت اختیار کرتے ہوئے مریض کو موت کے منہ میں لے جا سکتی ہے۔

ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ گوشت کاٹنے والے بورڈ پر بھی ایسا سپر بگ بیکٹریا رہ سکتا ہے اور یہ بھی انسانی جان کے لیے مضر ہوتا ہے۔ اسی طرح پولٹری کے فارم پر کام کرنے والے ورکرز بھی ایسے بیکٹریا کا شکار ہو سکتے ہیں۔ ان میں یہ بیکٹریا سانس لینے سے داخل ہو سکتا ہے۔