گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1293 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ملک بھر میں کورونا کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے اور مثبت کیسز کی شرح 2.52 فیصد ہوگئی جب کہ وباء سے 24 گھنٹوں کے دوران مزید 6 افراد انتقال کرگئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار سے معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کی تشخیص کے لیے 51 ہزار 145 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1293 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ گزشتہ روز عالمی وباء کی وجہ سے مزید 6 افراد جان کی بازی ہار گئے اور اس وقت 609 مریض ایسے ہیں جن کی حالت تشویشناک ہے۔

بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا میں مبتلاء ہونے والوں میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی بھی شامل ہیں جن کا کورونا ٹیسٹ ایک ایک مرتبہ پھر مثبت آیا ہے ، اس سے پہلے مارچ 2021ء میں بھی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے۔صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ میرا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے ، چار پانچ دن سے گلا خراب تھا مگر بہتر ہورہا تھا اور دو رات قبل چند گھنٹوں کےلیے ہلکا بخار محسوس کیا لیکن اس کے علاوہ کوئی علامت ظاہر نہیں ہوئی۔دوسری جانب صوبہ سندھ میں غیر ملازمت پیشہ اور گھریلو خواتین میں کورونا ویکسی نیشن انتہائی کم ہونےکا انکشاف ہوا ہے ، پارلیمانی سیکرٹری صحت قاسم سومرو کے مطابق گھریلوخواتین کی ویکسی نیشن کم ہونے سے اومی کرون تیزی پھیل رہا ہے جس کے پیش نظر صوبے بھر میں گھریلو خواتین کی ویکسی نیشن کا ہنگامی منصوبہ شروع کررہے ہیں جس میں گھر گھر جا کر گھریلو خواتین کو کورونا کی ویکسین لگائیں گے۔قاسم سومرو نے کہا کہ کراچی میں کورنگی، ملیر اور شرقی کےکچھ علاقوں میں خواتین کی ویکسی نیشن انتہائی کم ہے ، اس سلسلے میں لیڈی ہیلتھ ورکرزکی تربیت جاری ہے اور آئندہ ہفتے سے گھر گھر ویکسی نیشن شروع ہوجائے گی، لیڈی ہیلتھ ورکرزکے ساتھ ساتھ خواتین ویکسی نیٹرزکوبھی ویکسی نیشن کے لیے بھیجیں گے، لیڈی ہیلتھ ورکرز اور خواتین ویکسی نیٹرز مردوں اور بچوں کو بھی ویکسین لگائیں گی۔

متعلقہ خبریں