میرا دل کہتا ہے اور یہ میرا ایمان ہے کہ آئندہ الیکشن بھی عمران خان جیتیں گے،عطاء اللّٰہ خان عیسیٰ خیلوی

میانوالی (نیوز ڈیسک)ملک کے معروف لوک اور عوامی گلوکار عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی نے کہا کہ اگر وزیر اعظم عمران خان مجھے کوئی ذمہ داری دیں تو میں قبول نہیں کروں گا، کیونکہ میں خود کو اس قابل نہیں سمجھتا۔ انہوں نے حال ہی میں نعمان اعجاز کے شو ”جی سرکار” کو دیے گئے انٹرویو میں نجی زندگی ، کیرئیر ، ملک کے موجودہ حالات اور عمران خان کی پالیسیز پر کُھل کر بات کی۔عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی نے کہا کہ میرا دل کہتا ہے اور یہ میرا ایمان ہے کہ آئندہ الیکشن بھی عمران خان جیتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی دل کرتا ہے عمران خان سے ملاقات کرلیتا ہوں، مجھے عمران خان سے کوئی گِلہ شکوہ نہیں ہے۔ اور جب بھی وزیر اعظم کا دل گانے سننے کے لیے بیتاب ہوتا ہے تو انہیں بلالیتے ہیں۔عطا اللہ عیسی خان خیلوی نے کہا کہ تین سال میں کوئی پودا پھل نہیں دیتا، عمران خان کو تھوڑا سا وقت دیں۔جس قوم کو بگڑنے میں 30 ، 35 سال لگے ہوں اس کو ٹھیک کرنے میں وقت لگتا ہے۔

عطاء اللہ خان عیسٰی خیلوی نے کہا کہ میں نے عمران خان کو پی ٹی وی کو جدید کرنے کا کہا لیکن زیادہ اصرار نہیں کیا۔ انہوں نے عمران خان کے ساتھ اختلافات کی افواہوں کو بھی مسترد کیا اور کہا وہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ کو اپنا دل دے چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ میں لاہور چھوڑ کر آبائی شہر میاں والی منتقل ہو گیا ہوں کیوںکہ بڑا شہر ہونے کی وجہ سے لاہور میں کورونا اور ڈینگی جیسے امراض پھیل رہے تھے۔اُن کا کہنا تھا کہ اگرچہ میں زائدالعمری کی وجہ سے کمزور ہوچکا ہوں تاہم مجھ سے متعلق پھیلنے والی زیادہ تر خبریں غلط ہوتی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں گلوکار نے بتایا کہ انہوں نے دو شادیاں کیں اور ان کے بڑے صاحبزادے سانول امریکا میں ہیں جب کہ ان کی بیٹی لاریب بھی امریکا میں ہیں اور وہ ہولی وڈ فلموں میں اینیمیشن اور ایفیکٹس ایڈیٹر کے طور پر خدمات سر انجام دیتی ہیں جب کہ ان کے ایک بیٹے بی بی سی میں ملازمت کرتے ہیں۔عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کے مطابق جب ان کی بیٹی لاریب عطاء کی محنت پر ان کی فلم کو ”آسکر” ایوارڈ ملا تو پاکستان میں کہا گیا کہ انہیں سفارش پر ایوارڈ ملا ہے جب کہ حقیقت یہ ہے کہ ”آسکر” میں ان کا کوئی جاننے والا نہیں۔ خیال رہے کہ عطااللّٰہ خان عیسیٰ خیلوی 1951ء میں پنجاب کے شہر میانوالی کے علاقے عیسیٰ خیل میں پیدا ہوئے، جس وجہ سے وہ عیسی خیلوی کہلواتے ہیں۔

متعلقہ خبریں