پاکستان سے رقم نہیں لے کر گئی، ایف آئی اے کی جانب سے ایکشن لینے پر حریم شاہ کا ردعمل

لاہور(نیوز ڈیسک) ٹک ٹاکر حریم شاہ بیرون ملک رقم لے جانے کے دعوے سے مکر گئیں۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل سٹی 42 نیوز کی رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک سٹار حریم شاہ کا کہنا ہے کہ پاکستان سے رقم نہیں لے کر گئی، میری وجہ سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہو تو معذرت چاہتی ہوں، وائرل ہونے والی ویڈیو ایسے ہی بنائی تھی۔ دوسری جانب ہم نیوز کے مطابق ایف آئی اے نے ٹک ٹاکر حریم شاہ کیخلاف کاروائی کیلئے برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔خط میں نیشنل کرائم ایجنسی سے کارروائی کرنے کی درخواست کی جائے گی، وائرل ویڈیو میں خاتون بھاری رقم منتقلی کا اعتراف کررہی ہیں، ویزے ، امیگریشن ،اور سفری دستاویزات کی تفصیلات حاصل کرلی گئی ہیں۔خاتون کے خلاف فارن ایکسچینج قوانین کے تحت کارروائی کی جارہی ہے۔ خاتون نے10 جنوری کی رات کراچی انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے قطر کیلئے سفر کیا، کسٹمز اور ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس سے بھی معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔

یاد رہے معروف ٹک ٹاکر حریم شاہ نے غیر قانونی طریقے سے رقم بیرون ملک منتقل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ حریم شاہ نے پاکستان سے بیرون ملک بھاری رقم اسمگل کرنے کے بعد ویڈیو سوشل میڈیا پرجاری کر دی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حریم شاہ کے بعد لاکھوں یورو موجود ہیں۔ حریم شاہ نے ویڈیو میں دعویٰ کیا ہے کہ پہلی بار پاکستان سے اتنی بڑی رقم لے کر بیرون ملک لانے کا تجربہ ہوا۔پاکستان سے بھاری رقم لندن لے کر آئی ہوں۔ پاکستان کا قانون غریب کو پکڑتا ہے، بھاری رقم کی منتقلی کے دوران خیال کریں کیونکہ حکام پکڑ لیتے ہیں۔ مجھے کوئی کچھ نہیں کہہ سکتا۔ اس لیے بہت آسانی سے پیسے منتقل کر لیے۔دوسری جانب ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین نے بھی سخت ردِعمل کا مظاہرہ کیا ہے اور حریم شاہ کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔صارفین کا کہنا ہے کہ حریم شاہ کی یہ ویڈیو ڈرامہ ہے جو اس نے کراچی میں بیٹھ کر بنائی ہے تاہم اس کی تحقیقات ضرور ہونی چاہئیے۔ایک صارف نے کہا کہ پاکستانی پاسپورٹ پر ہی یو کے پہنچی ہے پہنچ کر ان کو یاد آیا کہ اس کی کوئی وقعت نہیں۔

متعلقہ خبریں