21 اپریل کو بین الاقوامی سب میرین کیبل کے ایک حصے کا مرمتی کام کیا جائے گا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے) کا کہنا ہے کہ 21 اپریل کو بین الاقوامی سب میرین کیبل کے ایک حصے کا مرمتی کام کیا جائے گا، کچھ انٹرنیٹ صارفین کو رفتار میں کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، صارفین بلاتعطل انٹرنیٹ خدمات کی فراہمی کیلئے متبادل اقدامات کیے جائیں گے۔ ٹویٹر پر پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا کہ بین الاقوامی سب میرین کیبل ایس ایم ڈبلیو 4 کے ایک حصے پر پاور کی ری کنفیگریشن سرگرمی 21 اپریل 2022 کو دوپہر 02:00 بجے سے شام 07:00 بجے تک کی جائے گی۔جس کی وجہ سے کچھ انٹرنیٹ صارفین کو رفتار میں کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

پی ٹی اے کا مزید کہنا ہے کہ بینڈوتھ کی ضرورت کو پورا کرنے اور صارفین کو جلد از جلد مکمّل طور پر فعال و بلاتعطل انٹرنیٹ خدمات کی فراہمی کے لئے متبادل اقدامات کیے جائیں گے۔دوسری جانب پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی ای) نے الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کے ایکٹ (پی ای سی اے 2016) سیکشن 37 میں بیان کردہ فحش/غیر اخلاقی مواد کی روک تھام کے لئے سینٹرل ڈومین نیم سسٹم (سی – ڈی این ایس) پالیسی طریقہ کار نافذ کر دیا ہے۔جس کے تحت غیر قانونی مواد کی خودکار، مؤثراور بلا رکاوٹ بلاکنگ کو فوری یقینی بنایا جا سکے گا۔

اس طریقہ کار کا افتتاح اتھارٹی نے پی ٹی اے ہیڈ کوارٹر ز اسلام آباد میں کیا۔ سی – ڈی این ایس طریقہ کار کی تیاری مہینوں پر مشتمل مشترکہ کاوشوں، ٹیلی کام شعبے اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشترکہ تعاون کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔مزید برآں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے 15 اپریل سے موبائل فونز سے ٹیکس ختم کیے جانے کی اطلاعات پر وضاحت جاری کردی جس سے معلوم ہوتا ہے کہ موبائل فونز سے ٹیکس ہٹائے جانے کے حوالے سے افواہیں غلط ہیں۔تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک صارف نے پی ٹی اے سے پوچھا کیا 15 اپریل سے تمام موبائل فونز سے ٹیکس ختم کیے جارہے ہیں؟ شہری کے اس سوال کے جواب میں پی ٹی اے نے بتایا کہ فی الحال تمام صارفین رجسٹریشن کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے ایف بی آر کے قابل اطلاق ڈیوٹی ادا کرنے کے ذمہ دار ہیں۔

متعلقہ خبریں