روس میں ہنگامی لینڈنگ کے دوران طیارے میں آگ لگ گئی، 41 مسافر ہلاک

 ماسکو: مسافر طیارے میں ہنگامی لینڈنگ کے دوران آگ لگ گئی جس کے بعد 41 مسافرہلاک ہوگئے۔

روسی میڈیا کے مطابق دارالحکومت ماسکوکے شیرمیٹیوووا ہوائی اڈے پرمسافر بردار طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے بعد آتشزدگی سے 2 بچوں سمیت 41 مسافر ہلاک ہوگئے۔ سخوئی سپرجیٹ طیارے میں 73 مسافر اور عملے کے 5 ارکان سوار تھے۔

جہاز نے ماسکو سے ایک اور روسی شہر کیلئے پرواز بھری تھی، تاہم عملے نے کچھ دیر بعد ہی طیارے میں خرابی کا اشارہ دے دیا، ابھی طیارہ فضا میں ہی تھا کہ جہاز میں آگ کے شعلے بلند ہو گئے، طیارے کی ہنگامی بنیاد پر لینڈنگ کی تاہم اس وقت آگ نے شدت اختیار کر لی۔

ذرائع کے مطابق مسافرطیارہ ہنگامی لینڈنگ کی پہلی کوشش میں ناکام رہا تھا۔ سوشل میڈیا پر وائرل  ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسافروں نے آئرفلوٹ نامی جلتے جہاز سے نکلنے اور بھاگنے کے لیے ہنگامی راستے سے نکلنے والی سلائیڈز کا استعمال کیا۔