داتا دربارکے باہرایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب دھماکہ، 5 اہلکاروں سمیت 10 افراد شہید

لاہور: داتا دربار کے باہر سڑک پر دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 4 افراد جاں بحق اور 19 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

داتا دربار کے باہر ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا اور بظاہر ایسا لگتا ہے کہ ایلیٹ فورس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔

پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں سمیت ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور سڑک کو ٹریفک کی آمد و رفت کے لیے معطل کردیا گیا۔

دھماکے کے بعد میو اور جنرل اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے فوری طور پر اضافی عملے کو طلب کرلیا گیا۔

میمو اسپتال سے نمائندہ جیو نیوز کے مطابق اسپتال میں 3 افراد کی لاشیں اور 19 زخمیوں کو لایا گیا ہے، زخمیوں میں سے 4 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

جاں بحق ہونے والے ایک شخص کی شناخت سہیل کے نام سے کی گئی ہے جب کہ دوسرے کی شناخت نہیں ہوسکی، ڈاکٹروں کی بڑی تعداد اسپتال میں موجود ہے اور زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔