پاکستان کا 75واں جشن آزادی آج جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

کراچی: ملک بھر میں چودہ اگست کا آغاز ہوتے ہی 75 ویں آزادی کا جشن بھرپور عقیدت اور احترام سے منایا جا رہا ہے جبکہ فضا قومی نعروں اور ملی نغموں سے گونج اٹھی ہے۔

ملک بھر میں یوم آزادی کی مناسبت سے سرکاری عمارات کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے جبکہ شہروں، گلیوں محلوں میں قومی پرچم اور جھنڈیاں لگائی گئیں ہیں۔

رات بارہ بجتے ہی ملک کے مختلف شہروں میں نوجوان قومی پرچم ہاتھوں میں تھامے سڑکوں پر نکل آئے جبکہ لاہور میں لبرٹی چوک، نیشنل ہاکی اسٹیڈیم سمیت دیگر مقامات کے علاوہ کراچی، پشاور، اسلام آباد اور راولپنڈی میں شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا، جس سے آسمان مختلف رنگوں میں رنگ گیا۔

یوم آزادی کے موقع پر بچے، بڑے، بوڑھے، جوان، خواتین سب ہی وطن سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کسی نہ کسی صورت کر رہے ہیں۔

نماز فجر کے بعد دن کے آغاز پر ملک اور قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔

گریٹر اقبال پارک (مینار پاکستان ) پر 10 منٹ جبکہ جیلانی پارک (ریس کورس ) میں 5 منٹ تک سحر انگیز آتشباز ی کا مظاہرہ کیا گیا۔ آتش بازی کا دلکش ، سحر انگیز اوردل موہ لینے والا نظارہ دیکھ کر شہری خوشی سے نہال ہوئے۔

متعلقہ خبریں