40 سال سے لوٹ مار کرنے والے مہنگائی کے ذمہ دار ہیں: شیخ رشید

لاہور:  شیخ رشید نے کہا ہے کہ 40 سال سے لوٹ مار کرنے والے مہنگائی کے ذمہ دار ہیں، سارے چور اکٹھے ہونے جا رہے ہیں، اپوزیشن کو عید کے بعد باہر نکلنے دیں پتہ لگ جائے گا۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا مہنگائی کے ذمہ دار 40 سال کے ڈکیت ہیں یا 9 ماہ کے حکمران ؟ ان لوگوں کو تو چھٹی والے دن بھی ضمانت مل جاتی ہے، آصف زرداری میں پیسہ واپس لانے کا حوصلہ ہے، چاہتے تو ان کے کچرے پر ڈبہ رکھ سکتے تھے لیکن ہم صفائی کر رہے ہیں، سندھ کو ایڈزدہ کر دیا گیا، یہ لوگ چلو بھر پانی میں ڈوب مریں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا سب چور اکٹھے ہونے جا رہے ہیں، عمران خان فرنٹ فٹ پر ان کا مقابلہ کر رہے ہیں، عمران خان کی پوری کوشش ہے کہ انہیں این آر او نہ ملے، انہیں باہر جانے کی اجازت دے دی جائے تو سارا اتحاد ختم ہو جائے گا، بلاول نے مجھ سے صلح کر لی، لاہوریے جلتے ہیں، 2 دلوں کی پاکیزہ محبت کے درمیان لاہوریے قیدو بن گئے ہیں۔

وزیر ریلوے نے کہا سی پیک کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں، عالمی طاقتیں نہیں چاہتیں کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات مضبوط ہوں۔