نواز شریف نے سزا معطلی کیلئے ایک مرتبہ پھر اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف نے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں 7 سال قید کی سزا معطلی کے لیے ایک مرتبہ پھر اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

احتساب عدالت نے گزشتہ سال سابق وزیراعظم کو العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں 7 سال قید کی سزا سنائی تھی جس کے خلاف ان کے وکیل کی جانب سے دائر درخواست میں عدالت سے طبی بنیادوں پر سزا معطلی کی استدعا کی گئی ہے۔

سابق وزیراعظم کی سزا معطلی کی درخواست کے ساتھ میڈیکل رپورٹس اور ڈاکٹرز کی رائے کو بھی منسلک کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اس سے قبل نواز شریف کی طبی بنیادوں پر سزا معطلی کی درخواست مسترد کی تھی جس کے بعد انہوں نے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

سپریم کورٹ نے علاج کی غرض سے نواز شریف کو 6 ہفتوں کے لیے سزا معطل کی تھی اور بعدازاں اعلیٰ عدالت نے اس میں توسیع کی درخواست مسترد کی جس کے بعد انہیں واپس کوٹ لکھپت جیل جانا پڑا۔