وزیراعظم کے مختلف اسپتالوں کے اچانک دورے، طبی سہولیات کا جائزہ لیا

وزیراعظم عمران خان نے سرگودھا اور تلہ گنگ کے سرکاری اسپتالوں کے اچانک دورے کر کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

وزیر اعظم عمران خان بغیر پروٹوکول کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ اسپتال سرگودھا پہنچے اور ان کے اچانک دورے سے کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور آر پی او لاعلم رہے۔

سینیٹر فیصل جاوید خان بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے، وزیر اعظم عمران خان کو دیکھ کر مریض حیران رہ گئے، وزیر اعظم کی اسپتال آمد پر لوگوں کے خیر مقدمی نعرے لگائے۔

وزیر اعظم عمران خان تقریباً 20 منٹ تک ڈی ایچ کیو ٹیچنگ اسپتال میں موجود رہے جب کہ اسپتال کا 70 فیصد عملہ اور ڈاکٹر چھٹی کر کے جا چکے تھے۔

عمران خان نے ڈی ایچ کیو اسپتال کی مرکزی اور بچوں کی ایمرجنسی کا بھی دورہ کیا اور اسپتال میں ایک بستر پر چار چار بچوں کو دیکھ برہمی کا اظہار بھی کیا۔

مریضوں کے لواحقین نے اسپتال میں ڈاکٹرز کی عدم موجودگی پر وزیراعظم سے شکوہ کیا۔

بعدازاں وزیراعظم عمران خان نے تلہ گنگ کے ٹی ایچ کیو اسپتال کا بھی اچانک دورہ کیا اور مریضوں کی عیادت کر کے اسپتال میں طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔

وزیراعظم عمران خان کو اسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کروایا گیا، ڈی ایم ایس ٹی ایچ کیو اسپتال تلہ گنگ ڈاکٹر علی حسنین نے وزیراعظم کو طبی سہولیات پر بریفنگ دی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کیا جائے گا اور مریضوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

متعلقہ خبریں