فرنچ اوپن ٹینس: راجر فیڈرر کا فاتحانہ آغاز، اگلے رائونڈ میں رسائی حاصل کر لی

پیرس:  فرنچ اوپن ٹینس کے ابتدائی روز راجر فیڈرر، سٹیفانوس سٹسپاس، مرین کلچ، گریگور دمترف و دیگر فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے مینز سنگلز کے دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق سال کا دوسرا گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ کے پہلے رائونڈ میچز میں شہرہ آفاق سوئس سٹار راجر فیڈرر نے اٹالین حریف لورینزو سونیگو کو 6-2، 6-4 اور 6-4 سے مات دے کر دوسرے رائونڈ تک رسائی حاصل کی۔

یونانی کھلاڑی سٹیفانوس نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جرمن کھلاڑی میکسی میلین مارٹرر کو 6-2، 6-2 اور 7-6، 7-4 سے ہرا کر دوسرے رائونڈ کیلئے کوالیفائی کیا۔

جاپانی کائی نیشکوری بھی پہلی آزمائش میں کامیاب رہے، انہوں نے فرانسیسی حریف کوئنٹن ہالیز کو 6-2، 6-3 اور 6-4 سے شکست فاش سے دوچار کیا۔ کروشین مرین کلچ نے تھامس فابیانو کو 6-3، 7-5 اور 6-1 سے ہرا کر دوسرے رائونڈ تک رسائی حاصل کی۔

بلغارین گریگور دمترف نے سربین کھلاڑی جانکو ٹپساروچ کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد 6-3، 6-0، 3-6، 6-7 ، 4-7 اور 6-4 سے شکست دے کر دوسرے رائونڈ کیلئے کوالیفائی کیا، کاسپر ریوڈ نے ایرنسٹ گلبس، ایلکسی پوپائرن نے اوگو ہمبرٹ اور اوسکر اوٹے نے میلک جزیری کو ہرا کر دوسرے رائونڈ میں جگہ بنائی۔