مقبوضہ کشمیر میں مارٹر دھماکے میں ایک نوجوان شہید

 سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں مارٹر شیل دھماکے میں 16 سالہ نوجوان شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع باندی پورہ میں نوجوان کرکٹ کھیل رہے تھے کہ اچانک مارٹر شیل کا دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں 16 سالہ نوجوان شہید اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ بچے میدان میں کھیل رہے تھے کہ وہاں زیر زمین دبا بھارتی فوج کا مارٹر شیل زوردار دھماکے سے پھٹ گیا، لڑکوں کو قریبی اسپتال لے جایا گیا تاہم 16 سالہ امجد جانبر نہ ہوسکا۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ امجد زیادہ خون بہہ جانے کے باعث دوران علاج چل بسا جب کہ دوسرے زخمی بچے اشتیاق احمد لون کی حالت نازک ہے اور اُسے سری نگر کے بڑے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کے جنوبی اضلاع میں ذاکر موسیٰ کی شہادت پر آج مسلسل چوتھے روز بھی شٹر ڈاؤں ہڑتال ہے، شوپیاں، پلوامہ، کلگام، ترال اور اسلام آباد میں تمام تعلیمی ادارے، کاروباری مراکز اور ذرائع آمد ورفت بند ہیں۔