طالبان کے افغان سیکیورٹی فورسز پر دو حملوں میں 23 اہلکار ہلاک

کابل: طالبان جنگجوؤں کے افغان سیکیورٹی فورسز پر دو مختلف حملوں کے باعث 23 اہلکار ہلاک ہوگئے جب کہ طالبان 4 فوجیوں کو اغوا کر کے لے گئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے غور میں پولیس چیک پوسٹ پر طالبان جنگجوؤں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ میں 18 پولیس اہلکار ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب لوگر صوبے میں بھی طالبان جنگوؤں نے افغان فوج کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 5 اہلکار ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے، طالبان جنگجو 4 اہلکاروں کو اغوا کر کے بھی لے گئے۔
افغان فوج نے اتحادی افواج کی مدد سے اغوا کیے گئے اہلکاروں کی بازیابی کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے تاہم اب تک کسی اہلکار کی بازیابی کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ سرچ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کو مزاحمت کا سامنا ہے۔

ادھر افغان طالبان کا مذاکراتی وفد روس کے دارالحکومت ماسکو پہنچ گیا جہاں دہائیوں تک ایک دوسرے سے خونی جنگ کرنے والے سخت حریفوں کے درمیان امن مذاکرات ہونا ہیں۔ روس میں افغان طالبان کو اعلیٰ حکام نے خوش آمدید کہا۔