ورلڈ کپ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب، سرفراز احمد سمیت تمام کپتان شریک ہوئے

لندن:‌  کرکٹ ورلڈ کپ میلہ سج گیا، لندن میں میگا ایونٹ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں سرفراز احمد سمیت تمام ٹیموں کے کپتان حضرات نے شرکت کی۔ کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ دنیا بھر سے آنے والے کرکٹ شائقین بھی انتہائی پرجوش دکھائی دیئے۔

ورلڈ کپ 2019 کی رنگارنگ افتتاحی تقریب برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں ہوئی جس میں پاکستان کی نمائندگی اظہرعلی اور ملالہ یوسفزئی  نے کی۔ کپتان سرفراز احمد نے قومی لباس شلوار قمیض اور سبز کوٹ زیب تن کر رکھا تھا۔ کرکٹ کے عالمی ستارے اور نامور شخصیات نے بکنگھم پیلس کے سامنے اس عالمگیر ایونٹ میں خصوصی شرکت کی۔ مقامی گلوکارہ لورین نے آواز کا خوب جادو جگایا، ورلڈ کپ کا مخصوص گانا "سٹینڈ بائی” گایا۔ اس موقع پر 4 ہزار کرکٹ شائقین نے شرکت کی اور موسیقی اور رنگ و نور کی شام کو خوب انجوائے کیا۔

اس اہم موقع پر پاکستانی شائقین بھی کسی سے پیچھے نہ رہے اور چاچا کرکٹ کے ہمراہ پاکستانی پرچم لہراتے ہوئے اپنے وطن کی بھرپور نمائندگی کر تے رہے۔ برطانیہ میں پاکستانیوں کی خاصی اکثریت تو موجود ہے ہی، دنیا بھر سے پاکستانی شائقین اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے پہنچے ہیں، ورلڈ کپ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کھیل میں ہار جیت تو ہوتی ہے تاہم وہ اپنی ٹیم کو مکمل سپورٹ کریں گے۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل 14 جولائی کو کھیلا جائے گا، اس سے قبل 10 ٹیموں کے مابین 48 مقابلے ہوں گے۔ کرکٹ میلے کا پہلا میچ کل انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے مابین کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان اپنے پہلے مقابلے میں جمعے (31 جولائی) کو ویسٹ انڈیز کے مدمقابل ہو گا۔

میگا ایونٹ کی افتتاحی تقریب سے قبل تمام ٹیموں کے کپتانوں نے میزبان ملک کی ملکہ ایلزبتھ سے ملاقات کی اور ایک خصوصی تصویر بھی بنوائی۔

 

 

متعلقہ خبریں